اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنانی ذرائع نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز بیت یاحون، برعشیت، حداثا، مجدل زون، وادی الاسطبل (حولا کے نواح)، کفرتبنیت، زوطر، بیت یاحون اور کونین کے درمیان مختلف مقامات پر متعدد دھماکے ہوئے۔ اسی دوران اسرائیلی ڈرون نے النبطیہ الفوقا پر حملہ کیا، جبکہ الخردلی کے علاقے میں بھی ایک کھلے میدان کو نشانہ بنایا گیا۔
سرحدی علاقوں پر شدید گولہ باری
اسرائیلی فوج کے توپخانے نے متعدد بار علی الطاہر کی پہاڑیوں پر گولہ باری کی۔ اس کے علاوہ حولا، کفرتبنیت، حداثا اور البیاضہ کے نواحی علاقے اسکندرونہ بھی توپخانے کی زد میں رہے۔
بھاری فائرنگ اور زمینی دراندازی
اسرائیلی فوج نے بھاری ہتھیاروں سے حداثا پر فائرنگ کی، جبکہ ایک اسرائیلی فوجی دستہ صربین قصبے میں داخل ہوا اور بھاری مشین گنوں سے شدید فائرنگ کی۔ اسی طرح الخیام میں سرچ آپریشن اور فائرنگ کی کارروائیاں جاری رہیں، جبکہ رویسات العلم فوجی چوکی سے کفرشوبا کے نواحی علاقوں کی جانب بھی گولیاں برسائی گئیں۔
رہائشی علاقوں میں صوتی بموں کا استعمال
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے المنصوری اور مجدل زون میں صوتی بم بھی پھینکے۔ جنوبی لبنان پر اسرائیل کے یہ مسلسل حملے جنگ بندی، لبنان کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیے جا رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ